جرائم

خیبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سرکاری سکول کے استاد قتل

کیف آفریدی

ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سرکاری سکول کے استاد کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول میں پڑھانے والے برقمبرخیل توت ڈھنڈ کے رہائشی سخی جان آفریدی سکول سے چھٹی کے بعد گھر جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد کے فائرنگ کا نشانہ بنے۔

پولیس کا کہنا ہے نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ مقتول سخی خان کے بیٹوں سمیع اللہ آفریدی اور ثاقب آفریدی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف آیف آئی آر درج کر دی ہے۔ ایس ایچ او ہردم گل نے بتایا قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے اور بہت جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس کے بقول مقتول کی کسی سے دشمنی نہیں تھی جبکہ بظاہر یہ معلوم نہیں کہ ملزمان نے سکول کے استاد کو کیوں قتل کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نوشہرہ میں بھی نامعلوم افراد نے مبینہ طور نقل کی اجازت نہ دینے پر خیبر اسلامک ماڈل سکول اکبر پورہ میں امتحانی ہال میں ڈیوٹی انجام دینے والے استاد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

زخمی ہونے والے استاد ابوبکر نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے انہیں بتایا کہ وہ امتحانی ہال میں سختی کرتے ہیں جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس سے قبل 4 مئی کو ضلع کرم میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اساتذہ سمیت 7 افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تب پش آیا جب اس روز کرم کے شلوزان روڈ پر فائرنگ کے نیتجے میں ایک شخص کو مار دیا گیا۔

اس واقعہ کے بعد ضلع کرم میں 18 روز تک تمام تعلیمی بند کردیئے تھے جو گزشتہ روز دوبار کھول دئیے گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button