سیاست

پی ڈی ایم دھرنے میں شرکت کے لیے ملک کے مخلتف علاقوں سے قافلے روانہ

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے دھرنے کی کال پر کارکنان اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے مقام کی تبدیلی کا فیصلہ نہ ہوسکا ہے جب کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جے یو آئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے قافلے پنجاب کے مختلف شہروں سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

فیصل آباد، سرگودھا، جہانیاں، حافظ آباد، میانوالی، خانیوال، بہاولپور، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے (ن) لیگ، پی پی اور جے یو آئی کے قافلے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب جی یو أئی ضلع کرک کا قافلہ سابق ایم این اے مولانا شاہ عبدالعزیز کی قیادت میں اسلام أباد روانہ ہوگیا۔
قافلے میں انصارالسلام اور جمیعت علماء کی بڑی تعداد میں کارکن نعرے لگاتے ہوئے روانہ ہوگئے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے عدالتی رویے کے خلاف آج سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ رانا ثنا اور اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دھرنا پرامن ہوگا، ایک گملا بھی نہیں ٹوٹے گا، دھرنے کے مقام کا تعین صبح کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ اعلان کرچکے ہیں ، فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا ، فضل الرحمان نے تمام سیاسی جماعتوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

جے یو آئی ایف کے علاوہ، مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی احتجاج میں شرکت کا اعلان کر چکی ہیں ۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button