الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں 14مئی کو الیکشن کے لیے سپریم کورٹ سے باضابطہ طور پر رجوع کرلیا ہے۔ تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ سے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے 4 اپریل کے حکم نامے کے من و عن نفاذ کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی دائرکردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے 19 اپریل کے اپنے حکم نامے میں سیاسی جماعتوں کے مابین مذاکرات کے ذریعے انتخابات کے انعقاد کے لائحہ عمل کی تیاری کی تجویز دی تھی، دستور سے انحراف کی راہ روکنے کے لیے عدالتی فیصلے کی روشنی میں 14 مئی کو انتخابات کا انعقاد لازم ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عدالت میں کروائی گئی یقین دہانی کی روشنی میں خصوصی مذاکراتی کمیٹی قائم کی، کمیٹی وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری فواد حسین اور سینیٹر علی ظفر پر مشتمل تھی۔
پی ٹی آئی نے اس ضمن میں عدالت میں ایک رپورٹ بھی جمع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم نے حکومت سے مذاکرات کیے، ایک روز الیکشن کرانے پر اتفاق ہوا، لیکن تاریخ پر متفق نہ ہوسکے، اب سپریم کورٹ ایکشن لے، چودہ مئی کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کرائے۔
جمعیت علمائے اسلام کے علاوہ پی ڈی ایم اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی ، ن لیگ ، ایم کیو ایم اور ق لیگ نے بھی اپنے نمائندے نامزد کیے ۔ پی ڈی ایم کی کمیٹی وزیر ِخزانہ اسحاق ڈار ، سینیٹر یوسف رضا گیلانی ، ویزرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت نوید قمر اور دیگر پر مشتمل تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کرانے کی تاریخ پر حکومتی اتحاد اور پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں ایک دن الیکشن ہونے چاہیے تاہم ایک ساتھ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل پر اتفاق نہ ہوسکا۔