سیاست

عمران خان نے اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام کو پرامن احتجاج کی دعوت دے رہا ہوں،اتوار کو رات 9 بجے سب نے  پرامن احتجاج کیلئے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ویڈیو اسکرین کے ذریعے 10 بجے آپ سب سے بات کروں گا، چاہتا ہوں پرامن احتجاج کیلئے سب شہروں میں عوام نکلیں، انہیں پیغام جائے کہ اگر یہ ملک سنبھال نہیں سکتے تھے تو سازش کیوں کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ اب تک پیٹرول کی قیمت میں 85 روپے اضافہ کر چکے ہیں ، جب ہم گئے تو پیٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا، ہمارے ساڑھے 3 سالوں میں پیٹرول صرف50 روپے بڑھا تھا، پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ہم 16 روپے فی یونٹ چھوڑ کر گئے تھے، آج بجلی 29 روپے فی یونٹ ہو گئی جو مزید بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹے کا تھیلا ہماری حکومت میں 1100 کا تھا جو اب 1500 کا ہو گیا، گھی کی قیمت بھی فی کلو 400 سےبڑھ کر 650 روپےکلو تک پہنچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیرونی خسارہ تیسرے سال میں بالکل کم کر دیا تھا، انہوں نےصرف اپنی چوری بچانےکیلئے ملک کو ڈی ریل کیا۔ سیاسی جماعتوں کو بھی پرامن احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں،یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button