جرائم

ٹانک: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

غلام اکبر مروت

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔

نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ٹانک شہر سے 15 کلومیٹر دور ڈیرہ روڈ پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے ایک کانسٹیبل جاں بحق، ساتھی کانسٹیبل اور ایک راہ گیر شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی پی او ٹانک وقار احمد نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور وقوعہ کے فوراً بعد موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے علاقہ میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا، حملہ میں شہید پولیس کانسٹیبل کی لاش، زخمی کانسٹیبل اور راہگیر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

ڈی پی او وقار احمد نے واقعہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا عزم کیا۔

ترجمان ٹانک پولیس کے مطابق ٹانک شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر کی دوری پر واقع ڈبرہ بازار میں ٹریفک پولیس اہلکار معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محسن علی شہید جبکہ کانسٹیبل محمد رئیس اور ایک راہگیر افسر خان شدید زخمی ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد خان بھاری پولیس نفری، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک پہنچایا جہاں سے زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کیلئے ڈی پی او کے حکم پر مذکورہ علاقہ کو پوری طرح گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اس موقع پر ڈی پی او وقار احمد خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعہ پر افسوس اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملزمان کی تلاش کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے وہ جہاں کہیں پر بھی چھپے ہوں گے انہیں ڈھونڈ نکالیں گے۔

بعدازاں شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر میں ادا کی گئی جس میں سول و عسکری حکام اور معززین علاقہ سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی تدفین کیلئے آبائی علاقہ نندور روانہ کیا گیا جہاں آبائی علاقے میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button