سیاست

عوامی نیشنل پارٹی کا اعلی سطحی وفد روس روانہ

سلمان یوسفزے

روسی وزارت خارجہ کی دعوت پر عوامی نیشنل پارٹی کا اعلی سطحی وفد آج جمعرات کو روس روانہ ہو گیا۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان، مرکزی سیکرٹری مالیات سینیٹر حاجی ہدایت اللہ اور جنرل سیکرٹری اے این پی خیبر پختونخوا سردار حسین بابک سمیت اے این پی بلوچستان کے سینئر نائب صدر سینیٹر ارباب عمر فاروق، سابق صوبائی وزیر جنگلات واجد علی خان اور مشال خان دیر شامل ہیں۔

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری کلچر خادم حسین نے بتایا کہ وفد روس میں آٹھ نو روز قیام کرے گا جس میں وہاں پر مقیم پاکستانی بالخصوص پشتونوں کے ساتھ ساتھ روسی تھنک ٹینک، دانشوروں اور پالیسی سازوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ان کے بقول اے این پی وفد کا یہ دورہ اس حوالے سے بھی زیادہ اہمت کا حامل ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تقافتی تعلق میں بہتری آئے گی، پشکین یونیورسٹی میں خدائی خدمتگار تحریک کے بانی خان عبدالفغار خان المعروف باچا خان کے فرزند خان عبدالغنی خان کا مجسمہ جبکہ باچا خان مرکز پشاور کے ریسرچ سنٹر میں پشکین کا مجسمہ نصب ہے، اس دورہ کے دوطرفہ تعلقات پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران کوشش کی جائے گی کہ باچا خان ٹرسٹ کے زیر اہتمام تعلیمی اور تحقیقی اداروں اور روسی حکومت اور وہاں کے اداروں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کی کوئی راہ نکالی جا سکے تاکہ باچا خان ماڈل سکولوں میں معیار تعلیم بہتر ہو سکے۔

صوبائی سیکرٹری کلچر نے بتایا کہ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے آٹھ نو ماہ پہلے دورے کی دعوت دی گئی تھی لیکن روس یوکرائن جنگ کی وجہ سے دورہ تاخیر کا شکار ہوا اور آج اسے عملی شکل دے دی گئی۔

روس یوکرائن جنگ کے حوالے سے خادم حسین نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد کی پیروکار جماعت ہے اور اس کا درینہ اصول ہے جس پر وہ آج بھی قائم ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے، فریقین کو مل بیٹھ کر گفت و شنید سے اپنے مسائل حل کرنے چاہئیں، اس طرح دنیا کے دیگر ممالک کو بھی روس کو نقصان پہنچانے کے لئے یوکرائن میں جنگی مراکز قائم کرنے سے گزیر کرنا چاہئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button