افغانستان: طالبان کا شاپنگ مالز میں پتلوں کا سرقلم کرنے کا حکم
طالبان نے افغانستان کے شہر ہرات کے شاپنگ مالز میں کپڑے ڈسپلے کرنے کیلئے استعمال ہونے والے پتلوں کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے دکانداروں کو ان کے سر قلم کرنے کا حکم دے دیا۔
افغان خبر رساں ایجنسی کے مطابق کچھ روز قبل افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں وزارت برائے فروغِ نیکی و تدارک برائی نے شاپنگ مالز میں نظر آنے والے پتلوں کے سروں کو قلم کرنے کا حکم دیا۔
وزارت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ پتلے ، مجسموں کی طرح ہیں جو اسلامی قوانین کے خلاف ہیں، بازاروں میں ان کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ، اس کے علاوہ دکانداروں کو خبر دار کیا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
تاہم حکم کی تعمیل کرتے ہوئے دکانداروں کی جانب سے پتلوں کے سرقلم کیے جارہے ہیں جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہی ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین طالبان حکومت کی ترجیحات پر سوال اٹھا رہے ہیں کیونکہ افغانستان کو خوراک کی کمی اور تباہ حال معیشت کی وجہ سے بحران کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ کئی دکانداروں کی جانب سے طالبان کے اس فیصلے پر تنقید کی جارہی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ دیگر اسلامی ملکوں میں بھی مردوں کے کپڑے ڈسپلے کرنے کیلئے ان پتلوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔