جرائم

بٹ خیلہ: شدید بارش کے دوران موٹرکار نہر میں گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، تین افراد زخمی

بٹ خیلہ میں شدید بارش کے دوران موٹرکار نہر میں جا گری، حادثہ کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق مرکزی شہر بٹ خیلہ شہر میں اختر غونڈی روڈ پر ایک بدقسمت فیلڈر کار شدید بارش کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نہر اپر سوات میں جا گری جس کے نتیجے میں کار میں سوار تمام افراد ڈوب گئے۔

اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور الخدمت کے رضاکاروں نے نہر میں ڈوبنے والے افراد کو نکال لیا جن میں یوسف خان ولد رفعت خان اور ان کی زوجہ گل مینہ جان بحق جبکہ ان کا بیٹا نجیب خان اور بھائی وارث خان شدید زخمی ہوئے جبکہ کار ڈرائیور ماہر ولد تاج معجزانہ طور پر محفوظ رہا اور نہر سے خود نکلنے میں کامیاب ہوا۔

زخمی افراد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیئے گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی، کار بٹ خیلہ سے ارنگ برنگ باجوڑ جا رہی تھی کہ اچانک حادثہ کا شکار ہوئی۔

صوابی: زبانی تکرار پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی

ناڑو بانڈہ میں زبانی تکرار پر ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ شیر خان سکنہ ناڑو بانڈہ نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ مبینہ طور پر قیاش، اسامہ اور معاذ نے ان پر اور زبور خان سکنہ شگئی مانیری پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں زبور خان موقع پر جاں بحق جبکہ وہ خود گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

رپورٹ میں وجہ عناد زبانی تکرار بیان کی گئی ہے۔ صوابی پولیس نے مجروح شیر خان کی رپورٹ پر مبینہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

لوئردیر: پنجاب میں تاجر قتل، تیمرگرہ میں احتجاجی مظاہرہ

پنجاب کے علاقہ بہاولپور میں بے دردی سے قتل ہونے والے دیر کے رہائشی نوجوان نوشاد اور لقمان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، لوئر دیر کے باسیوں کو پنجاب میں مسلسل قتل کرنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے، تین دن کے اندر اندر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، گرفتاری عمل میں نہ لانے کی صورت میں آئندہ کے لئے لائحہ عمل طے کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار آج شہید چوک تیمرگرہ میں دیر قامی پاثون کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیر قامی پاثون کے ضلعی صدر ملک شاہ نسیم خان یوسفزئی، دیر قامی پاثون کے بانی رہنما اکبر خان لالا، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما ملک انعام خان، ملک سلطان یوسف، حاجی شاہ نظر خان پاکستان پیپلز پارٹی کے نجیب اتمانی، ملک نواب عالم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرین نے شدید سردی اور بارش کے باوجود پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پنجاب حکومت کے خلاف اور شہید نوجوانوں کے قاتلوں کے گرفتاری کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پشتونوں کا جو قتل عام شروع کیا گیا ہے یہ بہت خطرناک کھیل ہے جس سے نہ صرف نفرتیں بڑھیں گی بلکہ اس کے نتائج بھی خطرناک ہوں گے کیونکہ اس سے پشتون بیلٹ میں اشتعال پھیل رہا ہے جو کسی بھی وقت پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ لوئر دیر کے علاقہ گوسم اور ادینزائے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نوشاد اور لقمان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے بصورت دیگر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کی کال دی جائے گی۔

واضح رہے کہ مقتولین گزشتہ ہفتے ماربل لانے کیلئے پنجاب گئے تھے جہاں سے واپسی پر ضلع بہاولپور میں مبینہ ڈاکوؤں مذاحمت پر کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے قتل کیئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button