افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زور دار دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 نمازی جاں بحق جبکہ امام مسجد سمیت 15 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع اسپین گھر کی ایک مسجد میں ہوا جس سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔
دھماکے میں 3 افراد شہید ہو گئے جب کہ امدادی کاموں کے دوران امام مسجد سمیت 15 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 10 زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے جمعہ کے روز مسجد میں دھماکے کا یہ چوتھا واقعہ تھا تاہم اس بار سنی مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دھماکوں کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔