افغانستانسیاست

موسمیاتی تبدیلی کیلئے ہمارے منظور شدہ فنڈز بحال کئے جائیں۔ طالبان

افغانستان کے نئے حکمرانوں نے عالمی قوتوں سے موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر افغانستان کے لیے پہلے سے منظور شدہ فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان طالبان اور طالبان حکومت کے نامزد کردہ اقوام متحدہ کے مستقل مندوب سہیل شاہین نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ افغانستان کو خراب موسم کا سامنا ہے جس کو درست کرنے کے لیے بڑے کام کرنا ہوں گے۔

سہیل شاہین نے مزید لکھا کہ افغانستان میں موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے گرین کلائمنٹ فنڈ، یو این ڈی پی اور افغان ایڈ کی مالی اعانت سے مکمل ہونے ہیں، تعطل کے شکار ان منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کیا جانا چاہیئے۔

ترجمان طالبان کے مطابق ان منصوبوں کی بحالی سے ایک طرف تو آب و ہوا کو تبدیل کرنے میں مدد ملے گی تو دوسری طرف روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ترجمان سہیل شاہین نے یقین دہانی کرائی کہ امارت اسلامیہ افغانستان این جی اوز اور خیراتی اداروں کو کام کرنے کے لیے تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

امارت اسلامیہ افغانستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سہیل شاہین نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ اقوام متحدہ نے اب تک نمائندگی نہیں دی ہے جب کہ قانون کے تحت جس ملک میں جس کی حکومت ہوتی اس حکومت کے نامزد کردہ امیدوار کو قبول کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی پر 26 ویں عالمی کانفرنس گلاسکو میں ہو رہی ہے جس میں رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں تاہم طالبان حکومت کی نمائندگی نہیں ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button