حکومت کا پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا ہے۔
وزیراعظم عمران کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر پیٹرولیم لیوی کچھ نہ کچھ بڑھانی پڑے گی۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ایک 2 روز میں حتمی گفتگو ہو گی اور معاملہ حل ہو جائے گا جبکہ اعلامیہ آنے کے بعد پتہ چل جائے گا کہ ہم نے کیا طے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کچھ نہ کچھ بڑھانی پڑے گی اور لیوی پر انحصار ہو گا کہ پیٹرول کی قیمت کہاں تک جاتی ہے تاہم اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئیں تو بڑھائی گئی لیوی کا بوجھ عوام پر نہیں آئے گا۔
چینی سے متعلق بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ ملز اور ڈیلرز کی وجہ سے چینی کی قیمت بڑھی ہے اور عوام بتائے کہ باریک چینی کیوں نہیں کھا رہے ؟ جتنا میٹھا موٹی چینی کرتی ہے اتنا ہی پتلی بھی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں موٹی چینی آج 140 روپے سے 117 روپے ہو گئی ہے لیکن باہر سے منگوائی گئی باریک چینی 90 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ قیمتوں کا تعین صوبائی معاملہ ہے ہم تو صرف ہدایات دے رہے ہوتے ہیں۔