قومی

آزاد کشمیر انتخابات، 12 نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی کو برتری حاصل

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ساتھ نتائج آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اب تک کے 45 حلقوں میں سے 16 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 12، مسلم لیگ ن 2 جبکہ پیپلز پارٹی اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

واضح رہے کہ انتخابات کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹررجسٹرڈ ہیں، پاکستان میں بسنے والے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد کشمیری بھی ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔

ہنگامہ آرائی اور تصادم، 2 افراد جاں بحق

دوسری جانب پولنگ کے دوران مختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان پرتشدد واقعات بھی ہوئے، کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں مسلح تصادم ہوا اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ بعدازاں فائرنگ کا ایک اور زخمی بھی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2 ہو گئی۔

اسی طرح ایل اے 15 باغ آزاد کشمیر کے علاقے میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں بھی تصادم ہوا اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال کیا گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم کے باعث پولنگ کا عمل دو بار متاثر ہوا۔

ڈپٹی کمشنر اور ریٹرننگ افسر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پاک فوج کے جوانوں اور رینجرز اہلکاروں کے ہمراہ ہاڑی گہل پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور فوج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے چار فوجی جوان شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور فوج کی ایک گاڑی گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں چار فوجی جوان شہید اور تین زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button