بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کا مسئلہ حل، کل سے امریکن موڈرنا ویکسین دستیاب ہوگی
وفاقی حکومت نے امریکہ کی جانب سے بھیجی گئی موڈرنا ویکسین بھر ملک جانے والے پاکستانیوں کو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکا سے موصول ہونے والی موڈرنا ویکسین پڑھائی یا نوکری کی غرض سے بیرون ملک جانے والوں کو لگائی جائے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کو امریکا سے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں ملی ہیں اور ساتھ ہی امریکی صدر جو بائیڈن کی کووڈ-19 پر ترقی پسند پالیسی کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین خصوصی طور پر ان افراد کے لیے ہے جو کام یا پڑھائی کے لیے ان ممالک کا سفر کررہے ہیں جو کچھ مخصوص ویکسین ہی تسلیم کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے جمعہ کو بتایا تھا کہ امریکا کی جانب سے عطیہ کی گئیں موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں اور ویکسین لگنے کے بعد عوام معاشی اور سماجی زندگی کی طرف لوٹ سکیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق یورپ، سعودی عرب، امریکہ سمیت بیرون ملک جانے والوں کو موڈرنا ویکسین کل سے لگائی جائے گی اور ملک بھر کے 37 شہروں میں 49 سینٹرز پرموڈرنا ویکسین دستیاب ہوں گی۔
پنجاب میں 15 ، سندھ میں 2، خیبرپختونخوامیں 13 سینٹرز پر ویکسین میسر ہو گی۔
خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں ایل آر ایچ، کے ٹی ایچ، ایچ ایم سی ، ایبٹ آباد میں ایوب ٹیچنگ اسپتال، سوات میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ اسپتال،سول اسپتال مٹہ اور مانسہرہ، دیر اپر، دیر لوئر، باجوڑ کے ڈی ایچ کیو اسپتالوں میں موڈرنا ملے گی۔
کوہاٹ اور ڈی آئی خان کے ڈی ایچ کیو اسپتال، مردان کے ایم ایم سی اسپتال موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت تمام خلیج ممالک کی جانب سے چائنیز ویکسین تسلیم نہ کرنے پر وہاں سے چھٹیوں پر آئے پاکستانی سخت مشکلات سے دو چار تھے اور اس سلسلے میں مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کرچکے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت پاکستان ان ممالک سے یا تو چائنیز ویکسین تسلیم کروانے کے حوالے سے بات چیت کریں یا ان کے ایسے ویکسین کا انتظام کیا جائے جو کہ وہاں پر قابل قبول ہوں۔