این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کا دنگل آج ہو گا
حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کیلئے دوبارہ پولنگ آج (ہفتہ کو) ہو گی، سیاسی حلقوں میں مذکورہ ضمنی انتخاب کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی اور حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی خاتون امیدوار نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
اس سے قبل ہونے والے ضمنی انتخاب میں قواعد و ضوابط کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کے بعد حلقے میں دوبارہ پولنگ کا فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 75 کے الیکشن کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے اور ذمہ دار افسران کی جانب سے وقفے وقفے سے اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں۔
غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق پولنگ کے دوران فرائض سر انجام دینے والے الیکشن کمیشن کے عملے سے غیرجانبدار رہنے کے لئے حلف بھی لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات پر انتظامیہ نے حلقے میں انتخابی عمل کو پرامن بنانے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، سیکیورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج غیر معمولی اہمیت کے حامل ہوں گے اور تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) اس حلقے سے آنے والے نتائج پر اپنی آئندہ کی سیاست کریں گی۔