ملک میں کورونا سے مزید 43 افراد جاں بحق

ملک میں کورونا سے مزید 43 افراد انتقال کرگئے اور 4300 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 43362 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4323 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 43 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.9 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14821 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 92231 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 61450 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2902 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 615960 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 266618 ہوگئی ہے جب کہ 4509 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 233348 ہے اور 6587 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19785 اور ہلاکتیں 211 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 92423 اور 2457 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 13446 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 371 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5059 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 61552 ہے اور اب تک 583 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button