کھیل

دوسرا ونڈے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دیدی

 تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر میزبان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے 341 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بناسکی۔

پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مارکرم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ایڈن مارکرم 39 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے، اس کے بعد ڈی کوک اور ٹمبا باووما نے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، ڈی کوک 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت جنوبی افریقا کا سکور 169 تھا جبکہ پروٹیز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رسی وین ڈر ڈوسن تھے جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹمبا باووما بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور انہیں 92 کے انفرادی سکور پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ ملر نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی صرف 27 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور چھ وکٹ پر 341 رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 جب کہ شاہن آفریدی،محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

341 رنز کے جواب میں میں پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کے سوا کوئی کھلاڑی حریف بولنگ کے سامنے نہ ٹہر سکا ،ایک اینڈ پر فخر تھے تو دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں اورفخر نے کیریئر کی پانچویں سینچری مکمل کی۔

205رنز پر پاکستان کے 7 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد بھی فخر زمان سب کے لیے امید کی کرن بنے رہے لیکن بد قسمتی سے وہ 193 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ مین آف دی میچ فخر نے 155 گیندوں پر 18 چوکے اور 10چھکے بھی لگائے ، پاکستان ٹیم 9 وکٹ پر 324 رنز بنا سکی، بابر اعظم 31 رن کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ جنوبی افریقا نے میچ 17رن سے جیت کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ، سیریز کا آخری میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button