ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، جاتی سردی پھر لوٹ آئی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، پشاور، سوات، اپر اور لوئر دیر اور بنوں میں رات سے جاری بارش سے موسم سرد ہو گیا، کرک میں بھی سال کی پہلی بارش ہو گئی ہے، کالام کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو رہی ہے، مری میں بھی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد کشمیر میں مظفر آباد، باغ، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش ہوئی، پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں استور، غذر اور دیامر میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔