قومی

ملک میں 60 سال سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع

پاکستان میں 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا کی ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع ہوگیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا کہ 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل 10 مارچ بروز بدھ سے شروع ہو گیا ہے۔

اسد عمر نے بتایا کہ لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل عمر کے اعتبار سے ہو گا یعنی زیادہ عمر کے افراد جنہوں نے رجسٹریشن کروائی ہو گی انہیں پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 43 افراد ہلاک ہوگئے اور 1700 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39425 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1786 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 43 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13324 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 95239 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 16699 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1393 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 565216 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 260150 ہوگئی ہے جب کہ 4442 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 74433 اور 2122 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 10673 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 314 افراد انتقال کرگئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button