18 مارچ کو این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی دنگل دوبارہ سجے گا
این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب 18 مارچ کو ہو گا، حمزہ شہباز کا ڈسکہ ضمنی انتخابات کے لیے نئی ٹیم بنانے کا فیصلہ، خود بھی میدان میں اتریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں حمزہ شہباز، احسن اقبال، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر لیگی رہنماؤں نے شرکت کی، جس میں ڈسکہ میں ہونے والے آئندہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے ڈسکہ ضمنی انتخابات میں خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ضمنی انتخابا ت کے لیے رانا ثنا اللہ کو ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کی ٹیم بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ حمزہ شہباز ضمنی انتخابات کے لیے نئی ٹیم تشکیل دیں گے۔
لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کئی لیگی رہنماں نے شرکت کی جن میں حمزہ شہباز، احسن اقبال، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے این اے 75 کے انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب شفاف انداز میں نہیں ہوئے، خوف و ہراس پھیلایا گیا، لا اینڈ آرڈر بھی ٹھیک نہ تھا، این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب 18 مارچ کو ہو گا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف نے این اے 75 ڈسکہ کےضمنی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ہونے والے ضمنی الیکشن پرتشدد شکل اختیار کر گیا تھا، پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہوئے تھے۔