قومی

این اے 75، پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ، دو نوجوان جاں بحق 7 زخمی

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ہونے والے ضمنی الیکشن پرتشدد شکل اختیار کر گیا، پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ن لیگ اور  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن آمنے سامنے آ گئے، پولنگ سٹیشن 347 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا ہو گیا۔

ایم ایس سول ہسپتال سیالکوٹ نے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رنجھائی سٹاپ پولنگ سٹیشن 347 کے قریب پیش آیا، فائرنگ کے باعث ووٹرز میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ جانے بچانے کے لئے محفوظ مقام کی جانب بھاگے، فائرنگ کے بعد پولنگ سٹیشن میں ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

ضمنی الیکشن میں مدمقابل پی ٹی آئی اور نون لیگ نے ایک دوسرے پر پولنگ سٹیشن میں گھسنے کا الزام عائد کیا ہے، پی ٹی آئی کارکنان کا الزام ہے کہ لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق نے کارکنوں کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بولا اور گیٹ زبردستی کھول کر پولنگ سٹیشن میں داخل ہوئے۔

بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لیگی کارکنان کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکالا، اس دوران پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہوئی۔

سینئر صحافی حامد میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈسکہ میں آج جگہ جگہ فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں نے اپنی نمبر پلیٹیں اتار کر کہیں چھپا دی ہیں لیکن سارا علاقہ ان کے ایڈریس جانتا ہے صرف مقامی پولیس بے خبر ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا ہے کہ پولیس کا ڈسکہ کلاں پولنگ سٹیشن میں ووٹرز پر بدترین لاٹھی چارج، پولیس عوام کی ملازم ہے یا پی ٹی آئی کی؟

پی ٹی آئی اور نون کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کی نوبت اس وقت ہوئی، جب عثمان ڈار نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین اور بوائز کالج کا دورہ کیا، جس پر لیگی کارکنان نے سخت نعرے بازی کی اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان نے بھی جوابی نعرے لگانے شروع کر دیئے۔

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے امیدوار کے گارڈز پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ شکست کے ڈر سے پی ٹی آئی والے ووٹرز کی جان سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناکامی کے ڈر سے پی ٹی آئی گڑ بڑ کرا رہی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے پولنگ کیمپ اجڑے پڑے ہیں، حکومتی امیدوار ٹرن آؤٹ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button