قومی

کورونا کی شدت میں اضافہ، 63 جاں بحق 1519 میں وائرس کی تصدیق

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ دو روز میں ملک میں اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 519 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 435 ہو گئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 63 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 76 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اس وائرس سے 75 افراد کا انتقال ہوا تھا جو 3 ماہ بعد یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔

تاہم کیسز اور اموات کے علاوہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94.8 فیصد مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں 987 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 242 ہو گئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں، لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار طریقے سے کھولا گیا۔

واضح رہے کہ بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی پی ایس ایل کا رواں چھٹا ایڈیشن ملتوی کر دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ایک لاکھ 80 ہزار بزرگ افراد نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے اپنا اندراج کر لیا ہے۔ 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے حکومت کی کووِڈ 19 ویکسینیشن مہم رواں ہفتے سے شروع ہونے والی ہے جس کے لیے رجسٹریشن جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button