کھیل

مزید کھلاڑیوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد پی ایس ایل 6 ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں بڑھتے کیسز کے باعث رواں چھٹے ایڈیشن کو ملتوی کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں پی ایس ایل کو فوری طورپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا پی سی بی نے باضابطہ اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ایونٹ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا کردیا ہے۔ کورونا کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

 

پاکستان سپر لیگ میں اب تک کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں  جس کی وجہ سے کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین کرسٹین بھی پی ایس ایل کو چھوڑ چکے ہیں جس کی تصدیق پی سی بی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ متاثر ہونے والوں میں چھ کھلاڑی جبکہ ایک آفیشل شامل ہیں جنہیں پہلے ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہر تین روز بعد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مزید کیسز سامنے آنے پر پی سی بی کی جانب سے لاہور کے میچز کو بھی کراچی منتقل کرنے کا آپشن زیرغور تھا۔

بائیو سیکیور ببل بریک ہونے کے بعد ایک سے دوسرے شہر میں میچز کے انعقاد سے وائرس پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا تھا۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا  آغاز  20 فروری سے ہوا تھا اور ایونٹ میں اب تک 14 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4، لاہور قلندرز کا ایک اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک کھلاڑی اور ایک آفیشل کے اب تک کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button