قومی

پاک فوج کی بہادری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ ابھی نندن

پاک بھارت سٹینڈ آف کے دو سال مکمل ہونے پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا ایک اہم بیان منظر عام پر آیا ہے جس میں ابھی نندن نے کہا ہے کہ اْوپر سے نیچے آتے ہوئے پیراشوٹ سے میں نے دونوں ملک دیکھے اور اوپر سے مجھے دونوں ملکوں میں کچھ فرق پتہ نہیں چلا اور جس وقت میں نیچے گرا تو مجھے یہ تک پتہ نہیں تھا کہ میں پاکستان میں ہوں یا اپنے دیس بھارت میں ہوں کیونکہ دونوں ملک ایک جیسے ہی لگتے تھے اور لوگ بھی مجھے ایک ہی جیسے لگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پائلٹ نے مزید کہا کہ بلندی سے گرنے کے بعد مجھے کافی گہری چوٹ لگی تھی اور میں ہل نہیں پا رہا تھا تو میں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ میں کون سے مْلک میں ہوں، تو پھر جب مجھے لگا، میں اپنے مْلک میں نہیں ہوں تو میں نے بھاگنے کی کوشش کی اس دوران مجھے پکڑنے کے لیے کچھ لوگ میرے پیچھے بھاگے اور مجھے پکڑ لیا۔

ابھی نندن کا کہنا تھا کہ اسی وقت پاکستان آرمی کے 2 جوان آئے اور مجھے لوگوں سے بچایا جو مجھے مار رہے تھے، ان میں سے ایک پاکستانی آرمی کا کپتان تھا، پھر وہ مجھے اپنی یونٹ لے گئے جہاں مجھے فرسٹ ایڈ دیا گیا، پھر اْس کے بعد مجھے ہسپتال لے جایا گیا جہاں میری جانچ ہوئی اور مجھے اور ایڈ دیا گیا اور اس کے بعد سے میں اس جگہ پر ہوں۔

متعلقہ خبریں:

پاکستان کا ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے بھارتیوں کے دل جیت لئے

بھارتی پائلٹ ابھی نندن پر کامیڈی فلم بنانے کا اعلان

”ہم نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو واپس بھیج دیا”

بھارتی پائلٹ نے کہا کہ پاکستانی آرمی ایک پروفیشنل فوج ہے، ”میں پاک فوج کی بہادری سے بہت متاثر ہوا ہوں، لڑائی تب ہوتی ہے جب امن نہیں ہوتا، میں یہ چاہتا ہوں ہمارے دیس میں امن رہے اور ہم امن میں رہ سکتے ہیں، ہمیں تھوڑا سکون سے سوچنا ہے، کشمیریوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔”

دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے، جب للکارا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کے 2 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے ترجمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔

 

انہوں نے لکھا کہ 27 فروری 2019 اس عہد کا دن ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کا ہمیشہ دفاع کرے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے لکھا کہ عددی برتری نہیں بلکہ پرعزم قوم کی جرات اور حوصلہ آخر میں فتح دیتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے تاہم جب للکارا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ27 فروری 2019 تاریخ کا وہ دن ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا تھا کہ مملکت خداداد کے دفاع کیلئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کر لیا تھا۔

اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کے بعد پاکستان کے پاس جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button