ملک بھر میں 9ویں سے 12ویں تک کلاسز کا کل سے آغاز ہو گا
کورونا وباء کی دوسری لہر کی وجہ سے بند کئے گئے تعلیمی ادارے کل (پیر) سے کھلیں گے، پہلے مرحلے میں 9ویں سے 12ویں تک کلاسز کا آغاز ہو گا اور طلبہ گروپس کی صورت میں سکول آئیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے اعلان کے مطابق تعلیمی ادارے کل ( پیر) سے کھلیں گے جس کیلئے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں، تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے جس کے تحت ایک جماعت کے طلبہ ایک ہی روز حاضر ہونے کی بجائے مختلف گروپس کی صورت میں مختلف دنوں میں سکول آئیں گے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق پہلی سے آٹھویں کلاسز کے طلبہ یکم فروری کو سکول آئیں گے جبکہ یونیورسٹیز بھی یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 50 فیصد اساتذہ کی حاضری کی پالیسی ختم کر دی اور پیر سے تمام اساتذہ کو سکول حاضر ہونے کا پابند کیا گیا ہے، نہم سے بارہویں جماعت کے علاوہ دیگر اساتذہ بھی سکول حاضر ہوں گے، اس سے قبل 50 فیصد اساتذہ پیر اور 50 فیصد جمعرات کو سکول آتے تھے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق اساتذہ کو سکولوں میں پوری ڈیوٹی دینا ہو گی، سکولوں میں (ب) فارم، ویکنسی پوزیشن اور آئی بی اے این نمبر کا کافی کام زیرالتوا ء ہے۔
یاد رہے کہ 15 جنوری کو حکومت نے ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کر دیا تھا۔