قومی

ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

 

حکومت نے ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم فروری سے شروع ہوں گی۔ وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے اجلاس میں سارے ڈیٹا کا جائزہ لیں گے، دیکھیں گے کہ جن شہروں میں وائرس کا انفیکشن ریٹ بہت زیادہ ہے وہاں یکم فروری سے تعلیمی سلسلہ شروع کیا جائے یا نہیں،چھوٹی جماعتیں کھولنے سے پہلے شہروں میں انفیکشن ریٹ دیکھا جائے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہر میں انفیکشن ریٹ زیادہ ہے تو ممکن ہے وہاں چھوٹی جماعتیں نہ کھولی جائیں اور جہاں کم ریٹ وہاں کھول دیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ سکول کھلنے کے حوالے سے جمعہ کو وزارت صحت و تعلیم صورتحال کا جائزہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول کھولنا میری خواہش ہے مگر حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہوگا۔ طلبہ کی صحت اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماں کے آغاز میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں وزارت صحت کی سفارش کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری، پہلی سے 8 ویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے 25 جنوری جب کہ یونیورسٹیز یکم فروری سے کھولی جائیں گی تاہم حتمی فیصلہ آج کے اجلاس میں کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button