قومی

”افغان حکومت پاک فوج پر حملہ کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کرے”

پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردوں اور پاک فوج پر حملہ کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ سرحد پار افغانستان سے مہمند میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے سپاہی فضل واحد شہید ہوا، 25 سالہ شہید کا تعلق سوات سے تھا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کے واقعات ہوتے  رہے ہیں جن میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

گزشتہ سال 14 اکتوبر کو قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوا تھا۔

اس سے قبل 5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور دو زخمی ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button