رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کے عمل میں 2021 تک توسیع
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے پاکستان سے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کے عمل میں اگلے سال 2021 تک توسیع کر دی۔
گذشتہ روز ادارہ کے جاری ایک بیان کے مطابق ایسے تمام رجسٹرڈ افغان مہاجرین، جن کے پاس 31 دسمبر 2015 کی تاریخ تنسیخ والا پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ یا یو این ایچ سی آر کا مہاجر کارڈ بطور ثبوت موجود ہے او وہ رضاکارانہ طور پر وطن واپس جانا چاہتے ہیں، کی سہولت کے لئے رضاکارانہ وطن واپسی کا عمل اب جنوری اور فروی سمیت اگلے پورے سال 2021 کے دوران جاری رہے گا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں اضاخیل، نوشہرہ جبکہ بلوچستان میں بلیلی، کوئٹہ کے دونوں مقامات پر قائم رضاکارانہ وطن واپسی کے مراکز (VRCs) افغان مہاجرین کو وطن واپسی کی سہولت فراہم کرے گا جبکہ افغانستان میں نقدی کے وصولی کے مراکز ہفتہ وار بھی کھلے رہیں گے۔
رضاکارانہ وطن واپسی کے خواہشمند افغان مہاجرین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایسے تمام رجسٹرڈ افغان مہاجرین وطن واپسی کے مراکز میں اپنے ناموں کے باضابطہ اخراج کا اندراج نہیں کرائیں گے اور رضاکارانہ وطن واپسی فارم کے بغیر وطن جائیں گے تو ان کو نقدی امداد نہیں دی جائے گی اور انہیں افغانستان میں واقع نقدی امداد کے مراکز میں داخل بھی ہونے نہیں دیا جائے گا تاہم پاکستان میں قائم مراکز سے رضاکارانہ وطن واپسی کا فارم حاصل کرنے والے افغان مہاجرین کو تقریباً 250 امریکی ڈالر فی کس ادا کئے جائیں گے۔
بیان کے مطابق افغانستان واپس جانے کے خواہشمند افغان مہاجرین کو رضاکارانہ وطن واپسی کے مراکز آنے سے پہلے اپنے بچوں کو رجسٹریشن کارڈ ترمیمی مراکز میں رجسٹر کرنا ہو گا، کسی بیماری یا کورونا سے متاثرہ افغان مہاجرین دونوں مراکز پر آنے سے گریز کریں۔