کراچی میں کورونا کی نئی قسم دریافت
برطانیہ میں دریافت نئے کورونا وائرس سے ملتے جلتے وائرس کے کراچی پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم کے چیئرمین کورونا ٹاسک فورس کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاءالرحمان نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سائنسدانوں نے بالخصوص یورپین ممالک میں کورونا وائرس کی نئی لہر میں تغیر کا مشاہدہ کیا ہے، کراچی میں بھی ہم نے اس سے ملتا جلتا کورونا وائرس جو کہ برطانیہ میں دیکھا گیا ہے یہاں بھی دریافت کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اس وقت 200 سے زائد کمپنیاں نئی شکل میں آنے والے وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے ویکسین کی افادیت چیک کرنے کے حوالے سے کہا کہ ویکسین کے مستند ہونے اور اس کے لوگوں کی صحت پر اثرات دیکھنے کے لیے کافی وقت لگے گا، یونیورسٹی میں سائنسدان وائرس کے تغیر کا معائنہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے پاکستان ویکسین درآمد کرے گا، ملک میں ریسرچ بیسڈ ورک کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے سائنسدان مقامی سطح پر ویکسین تیار کرنے کے قابل ہو سکیں۔
دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 111 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 2 ہزار 256 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 9 ہزار 668 تک پہنچ چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے 4 لاکھ 17 ہزار 134 مریض صحتیاب ہو چکے اور 38 ہزار 268 زیر علاج ہیں۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 783 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 419، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 577، اسلام آباد میں 398، گلگت بلتستان میں 99، بلوچستان میں 181 اور آزاد کشمیر میں 211 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 36 ہزار 721، خیبر پختونخوا میں 56 ہزار 160، سندھ میں 2 لاکھ 7 ہزار 407، پنجاب میں ایک لاکھ 33 ہزار 874، بلوچستان میں 18 ہزار پانچ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 65 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 838 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔