آج رات سال کی سب سے طویل رات
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سال کی سب سے طویل رات جبکہ آج سال کا سب سے چھوٹا دن ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب طویل ترین رات ہو گی، پیر اور منگل کی درمیانی شب کا دورانیہ 13 گھنٹے اور 37 منٹ ہو گا، اسی طرح 21 دسمبر پیر کو سال کا سب سے چھوٹا دن ہے جس کا دورانیہ 10 گھنٹے اور 23 منٹ ہے۔
محکمہ کے مطابق یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہو سکتی ہیں۔ اس سال یہ موقع آج رات آ رہا ہے جب جب شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہو گی، اسے فلکیات کی زبان میں ’’انقلابِ سرما (winter solstice) یا ’’انقلابِ شمالی‘‘ (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقعے پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوتا۔
اس کے برعکس، حقیقت یہ ہے کہ زمین اپنے محور پر 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے جبکہ محوری گردش (axial rotation) کے دوران زمین کا اپنا محور بھی کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سورج کے گرد چکر لگاتے لگاتے سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور کا انتہائی جھکاؤ سورج سے مخالف سمت میں ہو جاتا ہے۔