طورخم، چمن بارڈرز کراس کرنے والوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار
حکومت پاکستان نے کورونا کی دوسری لہر کی شدت اور مثبت کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافےکے پیش نظر طورخم اور چمن بارڈر کراس کرنے والے افغان و پاکستانی شہریوں کے لئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں افغانستان سے آنے والے افغان شہریوں یا افغانستان جانے والے افغان یا پاکستان کے شہریوں کے لئے کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اقدام کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر لیا گیا ہے، افغانستان کے ساتھ ملحقہ تمام سرحدات پر حکام بارڈر کراس کرنے والوں کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے۔
اعلامیہ میں سرحدات پار کرنے والے تمام خواتین و حضرات کے لئے یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، صرف 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو چھوٹ دی گئی ہے یا بہ الفاظ دیگر انہیں مستثنٰی قرار دیا گا ہے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آنے والے تمام مسافروں اور دیگر شہریوں کیلئے کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دیئے جانے کے بعد کورونا ٹیسٹ نہ لانے والے کئی مسافروں کو واپس کر دیا گیا ہے۔