مولانا طارق جمیل کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
معروف سکالر مولانا طارق جمیل میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بیان میں طارق جمیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ ایام سے طبعیت ناساز تھی جس کے باعث ٹیسٹ کرایا تو کورونا پازیٹو آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد ہسپتال میں داخل ہوگیا ہوں اور تمام عوام سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 36افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 8ہزار 832 تک پہنچ چکی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 2ہزار 362نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4لاکھ 40ہزار787ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے3لاکھ84 ہزار719 مریض صحتیاب ہوچکے اور 47ہزار236 زیر علاج ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 365 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 158، خیبر پختونخوا ایک ہزار371، اسلام آباد 368، گلگت بلتستان99، بلوچستان175 اور آزاد کشمیر میں191 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 34 ہزار840، خیبر پختونخوا 52 ہزار449، سندھ ایک لاکھ 95 ہزار702، پنجاب ایک لاکھ 27 ہزار541، بلوچستان 17 ہزار745، آزاد کشمیر 7 ہزار719 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 791 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی۔ کراچی کورونا مثبت کیسز کی شرح 17.39 فیصد ہے۔
این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29 اور سندھ میں 11.47 فیصد تک ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.42 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.47، راولپنڈی میں 11.26 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 16.2، کوئٹہ میں 6.19 اور میرپور میں کیسز کی شرح 22 فیصد تک آگئی۔