کورونا سے مزید 39 جاں بحق، بی آر ٹی میں بغیر ماسک کے سفر پر پابندی عائد
لک بھر میں کورونا وبا کے مریضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس مہلک وائرس نے مزید 39 افراد کی جانیں لے لیں جب کہ 4 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 904 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 56 لاکھ 27 ہزار 539 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 499 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 77 ہزار 625، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 083، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 919، اسلام آباد میں 31 ہزار 165، بلوچستان میں 17 ہزار 268، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 067 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہزار 654 ہو گئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 469 کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 39 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اب اس وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 205 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 586 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 951 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب کورونا کی دوسرے لہر کے باعث بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں بغیر ماسک کے سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ کورونا کی دوسرے لہر کے باعث بغیر ماسک کے بی آر ٹی بس میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی چنانچہ مسافروں سے اپیل ہے کہ وہ ماسک اور دیگر حفاظتی اقدامات کا خیال رکھے۔
ترجمان کے مطابق بی آر ٹی ویجیلینس ٹیمیں کورونا ایس او پیز کو یقینی بنائیں گی،مسافروں سے اپیل ہے کہ بی آر ٹی بس میں سفر کرنے والے ماسک لازمی پہنیں جب کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مسافروں کو جرمانہ کیا جائے گا۔
ادھر این سی او سی اجلاس کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا کے دو ہزار چار سو انہتر مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، تشویشناک مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں ماہرین صحت کی جانب سے مختلف علاقوں میں کورونا کے پھیلاؤ اور وباء کی روک تھا کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب 8.16 فیصد ہے۔