ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی آڑ میں یہ پابندی قبول نہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے جلسوں پر پابندی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا، ”جلسے اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے ہم حکومتی پابندی کو تسلیم نہیں کرتے۔”
ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنما بھی شریک تھیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر خان مینگل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسوں پر پابندی کے فیصلے مسترد کرتے ہیں، ہمارے جلسے و جلوسوں کا انعقاد اپنے طے شدہ وقت اور دن کے مطابق کیا جائے گا، ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی آڑ میں یہ پابندی قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا جس میں سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا، سپریم کورٹ نے جو شفاف الیکشن کی ہدایات دی تھیں ان پر عمل نہیں کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی تحریک کے بنیادی اصول اور مقاصد وضع کر لیے ہیں، ہم سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور خفیہ اداروں کے کردار کا خاتمہ چاہتے ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے پر سب پارٹیوں کا اتفاق رائے ہے، ہم مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ہم حکومت سے کسی قسم کے مذکرات نہیں چاہتے کیوںکہ یہ عوام کی نمائندہ جماعت ہے ہی نہیں، تحریک کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور جلسے اپنے وقت کے مطابق ہوں گے۔