گلگت بلتستان انتخابات: 7 نشستوں پر آزاد 9 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب
گلگت بلتستان کے تمام حلقوں کے غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے جن کے مطابق 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 9 پر تحریک انصاف اور 3 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے 2 اور جے یو آئی (ف) اور ایم ڈبلیو ایم کا ایک ایک امیدوار فتح اپنے نام کر سکا۔
موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 9 پر پاکستان تحریک انصاف، 3 پر پاکستان پیپلز پارٹی، 2 نسشتوں پر پاکستان مسلم لیگ ن جبکہ ایک ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیو ایم) اور جے یو آئی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تحریک انصاف کے راجہ ذکریا نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ کو ہرا دیا، گانچھے سے پیپلز پارٹی کے محمد اسماعیل کامیاب ہوگئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین دو حلقوں سے، جی بی اے 1 گلگت 1 اور جی بی اے 4 نگر 1 سے کامیاب ہوئے، گلگت بلتستان کی انتخابی تاریخ میں پہلی بار کوئی امیدوار دو حلقوں سے کامیاب ہوا ہے۔
جی بی اے1،گلگت 1: غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی کے امجد حسین 11178 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ آزاد امیدوار سلطان رئیس 8356 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ریٹرنگ آفیسر کے مطابق جی بی اے 2 گلگت 2 میں فارم 17جاری کر دیا گیا ہے۔
غیرسرکاری غیر حمتی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللّٰہ نے 6696 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ پی پی کے جمیل احمد کو 6694 ووٹ ملے، پی پی کے جمیل احمد 2 ووٹ کے فرق سے پیچھے رہ گئے ہیں۔