قومی

سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، چیئرمین نیب کے دستخط سے جاری ہونے والے وارنٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کئے جائیں گے۔

جعلی اکاؤنٹ کیسز میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے ورنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کئے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں مطلوب ہیں، سابق صدر نے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ذریعے ذاتی گھر خریدا۔

سابق صدر آصف زرداری کی عبوری دراخواست ضمانت پرسماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

درخواست میں نیب درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کے ساتھ وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیش کرے گی۔

تفتیشی ٹیم نے چیئرمین نیب سے وارنٹس گرفتاری کی درخواست کر رکھی تھی ، گزشتہ سماعت پر نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ بھی کیا تھا۔

دوسری جانب جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری 11اکتوبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ درخواست کے ساتھ آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button