قومی

موٹروے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد گرفتار

موٹروے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد ایک ماہ تک فرار رہنے کے بعد فیصل آباد سے گرفتار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ریپ کیس میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ڈکیتی کے بعد خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی جنسی زیادتی کی تھی۔

ملزم عابد کو گرفتار کرکے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے اور اس کا دوبارہ ڈی این اے کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

اس سے قبل 4 مرتبہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا تاہم گزشتہ روز اسے پکڑ لیا گیا۔

ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی معاونت کی اور سائنٹفک طریقے بھی استعمال کیے گئے۔

یاد رہے کہ 14 ستمبر کو خاتون سے زیادتی کے الزام میں نامزد ایک وقار الحسن نے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن میں پیش ہو کر اپنی گرفتاری دی اور  سی آئی اے پولیس نے ملزم وقار الحسن سے تفصیلی تفتیش کی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم وقارالحسن رشتے داروں کے دباؤ کی وجہ سے ماڈل ٹاؤن پولیس کے روبرو پیش ہوا تھا۔

اسی روز موٹروے زیادتی کیس میں گرفتار کیے جانے والے ملزم شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کیا تھا۔ پنجاب پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز گرفتاری دینے والے ملزم وقار الحسن کی نشاندہی پر دیپالپور میں کارروائی کی تھی جہاں سے شفقت نامی شخص کو حراست میں لیا گیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 17 ستمبر کو موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد گرفتار نہ ہو سکا تاہم والدہ کے بعد اس کی بیوی کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button