قومی

خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں مڈل سکول کھل گئے

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مڈل سکول کھل گئے جہاں چھٹی سے آٹھویں جماعت میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

این سی او سی نے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی پڑھائی شروع کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔

سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ سکول پہنچنے پر طلبہ اور اساتذہ کا ٹمپریچر چیک کیا گیا۔ اس کے علاوہ سکولوں میں سینیٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے اور ماسک کے بغیر سکول میں داخلے پر پابندی ہے۔

سماجی فاصلے کے پیش نظر کلاسز شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہیں اور سکولوں میں اسمبلی نہیں ہورہی ہے جب کہ کینٹین بھی بند رکھی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا ہےکہ کوئی سکول طلبہ اور عملے کے کورونا مثبت آنے پر بند نہیں رہے گا، متاثرہ طلبہ اور اساتذہ کو 14 روز تک قرنطینہ کیا جائے گا جب کہ طلبہ اور اساتذہ کے کورونا کی رپورٹ منفی آنے پر وہ دوبارہ سکول آسکیں گے۔ دوسری جانب سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلا سز 28 ستمبر سے شروع ہوں گی۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے بھر میں 21 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں سکول کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button