پاک فضائیہ کا طیارہ گرکرتباہ، پائلٹ محفوظ
پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران پنڈی گھیب کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ پنڈی گھیب کے قریب گرکر تباہ ہوگیا تاہم پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ائیر ہیڈ کوارٹرز نے ایک اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
یاد رہے رواں برس اپریل میں بھی گجرات کے پاس پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔
11 مارچ 2020 کو بھی اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جب کہ اس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے تھے۔ پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ مشہور چاندتارا چوک کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
اس سے قبل 30 جولائی 2019 کو بھی راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس سے دو پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں پانچ فوجی اور 13 شہری شامل تھے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔