قومی

ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا، زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش

ملک بھر میں آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خرج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس دن کے سلسلے میں پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔

یوم شہدائے پولیس ہر سال مورخہ 04 اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی میں پولیس، مدد کی ہر آواز پر سب سے پہلے پہنچتی ہر اور ہر پکار کا مقصد اور فخر سے جواب دیا ہے۔

دوسری جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے شہدا نے مادر وطن کیلیے جانوں کے نذرانے پیش کیے، وہ قوم کے ہیروز ہیں۔

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کی مدد کے لیے انہیں خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قیام امن کے لیے بہادر پولیس اہلکاروں کی گرانقدر قربانیاں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ملک میں امن و استحکام کے لیے بلکہ پرامن معاشرے اور ماحول کے لیے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

محمود خان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں بھی محکمہ پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر مثالی خدمات انجام دیں۔

علاوہ ازیں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ مشتاق احمد مہر نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کر کے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس جوانوں اور افسران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ خادم حسین رند،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ ثاقب اسماعیل میمن، ڈی آئی ڈی جی فنانس ذوالفقار مہر کے علاوہ سی پی او میں تعینات دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

شہدائے پولیس دن کی مناسبت سے آئی جی سندھ مشتاق احمد شہید اہلکاروں کے گھر گئے اور فاتحہ خوانی کے علاوہ اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سندھ پولیس کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی جی سندھ نے شہداء کے ورثاء سے ملاقات میں انھیں یقین دہانی کرائی کہ سندھ پولیس ہر لمحہ ان کے ساتھ ہے اور وہ خود کو کسی بھی طور تنہا نہ سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس اوران کی قربانیاں ہمارا اثاثہ جبکہ ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ بہادری اور قربانیوں کی لازوال داستان ہے، آئی جی

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا ء اللہ عباسی نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہید ایڈیشنل انسپکٹر جنر ل آف پولیس صفو ت غیو رکے مزار پر منعقدہ ایک سادہ مگر پر وقار تقریب میں شرکت کی اور شہید کو سلامی پیش کی اْنہوں نے شہید کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا ما نگی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ جرات، بہادری اور قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے، وسائل اور تربیت کے فقدان کے باوجود جس طرح خیبر پختونخوا پولیس نے گذشتہ دس سالوں میں دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہو کے مقابلہ کیا اْس کی مثال شاید ہی دْنیا کی کسی اور پولیس فورس میں ملتی ہو، ایڈیشنل آئی جی سے لیکر سپاہی تک خیبر پختونخوا پولیس کے 1800 سے زائد شہداء نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پولیس شہداء کی قربانی ہم پر اور آنے والی نسلوں پر قرض ہے۔ کورونا وباء کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کی قربانی دینے والے پولیس شہداء نے پولیس کی سنہری تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کے غازیوں کی جرأت اور بہادری اپنی مثال آپ ہے۔ انہی شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک پْر امن اور خوشحال معاشرے میں سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے شہداء اور اس کی حفاظت کے لیے لڑنے والے غازیوں پر فخر ہے، ہم پولیس شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے ، اْن کے لواحقین اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اْن کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اْٹھائیں گے۔ شہداء کے ورثا کی اے ایس آئی کے عہدے پر بھرتی کو یقینی بنانے کے لیے نئی قانون سازی اس بات کی غماز ہے کہ شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، یوم شہداء تجدید عہد کا دن ہے۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہمہ وقت اس جنگ کے لیے تیار رہیں گے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے رویوں اور کردار سے خیبر پختونخوا کو ایسا معاشرہ بنائیں گے جس کی خاطر ہمارے شہیدوں نے اپنے جانوں کی قربانیاں دیں اور ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کوایک خوشحال، محفوظ اور روشن مستقبل دیں گے۔

شہداء کی قربانیاں رائیگا نہیں جانے دیں گے، ڈی پی او ٹانک

خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح ٹانک میں بھی 4 اگست کو یوم شہدا ئے پولیس کے طور پر منایا گیا اور ٹانک پولیس کے ان افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑتے ہوئے دہشت گردی کی لہر کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

کورونا وباء کے پیش نظر یوم شہداء کو ایس او پیز کے مطابق منایا گیا ٹانک میں شہیدوں کے ایصال ثواب کے لئے ڈی پی او آفس ،تھانہ ایس ایم اے اور تھانہ سٹی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا، ٹانک سٹی کے قبرستان میں ڈی پی او محمد عارف اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اقبال بلوچ نے شہداء کے قبروں پرحاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

ڈی پی او ٹانک نے شہداء کے گھروں پر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہداء کے بچوں میں تحفے تحائف تقسیم کئے ٹانک پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پولیس کے جوانوں کی طرف سے ٹانک سول ہسپتال میں بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پولیس کے جوانوں نے خون کے عطیات پیش کئے۔

اس موقع پر ڈی پی او ٹانک محمد عارف خان کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گری کے دوران خیبر پختوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اس کے مثال نہیں ملتی ہے ٹانک پولیس کے 19 شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے آپ کو ہمیشہ کے لئے سنہری حرفوں میں امر کر لیا ہے، ان کی دی ہوئی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیگی شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم اپنے علاقوں میں امن کی زندگی بسر کر رہے ہیں، فورسز کے شہداء چاہے ان کا تعلق پولیس، آرمی، ایف سی یا پھر کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے سے ہو وہ وطن اور قوم کے محسن ہیں۔

ڈی پی او نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ بنانے کے لئے ہمارے شہداء نے ا پنے آج کو ہمارے کل پر قربان کر دیا ہم سب کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، زندہ قومیں ہمیشہ اپنے اسلاف کی دی ہوئی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں شہداء کی دی ہوئی قربانیوں پر ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

آر پی او بنوں ریجن عبد الغفور کی شہید ڈی پی او محمد اقبال کے گھر آمد

ریجنل پولیس آفیسر بنوں عبدالغفور آفریدی نے یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں مرمنڈی عظیم (نورنگ)میں شہید ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اقبال خان مروت کے گھر جاکر ان کے فیملی ممبران سے ملاقات کی اور انہیں تحائف دیئے، انہوں نے شہید پولیس افسر کے مزار پر بھی حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی ڈسٹرکٹ

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افسران اور جوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور جانوں کے نذرانے پیش کرکے ایسی تاریخ رقم کی جو تادیر یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یوم شہداء منانے کا مقصد فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنا ہے ، شہداء قوم کے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے رقم کی جائیں گی۔

لکی مروت میں بھی یوم شہدائے پولیس شایان شان طریقے سے منایا گیا

خیبر پختونخوا کے دیگر حصوں کی طرح لکی مروت میں بھی یوم شہدا ئے پولیس شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس لائنز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، تقریب میں ڈی پی او عبدالرئوف بابر قیصرانی، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، ڈی پی او عبدالرئوف بابر نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالروف بابر قیصرانی نے کہا کہ شہید کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں یہ دن منانے کا مقصد ان شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے قوم کے لئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

مردان ، بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد، تھانوں میں قرآن خوانی کا اہتمام

ملک بھرکی طرح خیبرپختونخوا ضلع مردان میں بھی 04 اگست یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں نمازفجرکے بعدضلع بھرکے پولیس تھانوں اور پولیس لائنز مساجد میں قران خوانی کا اہتمام کیا گیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ ڈی آئی جی مردان ریجن شیر اکبر، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ و دیگر پولیس افسران نے پولیس لائن میں یادگار شہداء پر سلامی دی، پھول چڑھائے اور شہداء کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ حوانی کی گئی۔

دریں اثناء ڈی آئی جی مردان ہمراہ ڈی پی او و دیگر پولیس افسران شہدائے پولیس کے مزاروں پر گئے سلامی پیش کی، پھول چڑھائے اور شہداء کے ورثاء اور بچوں سے ملیں شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

ولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کی خاطر پولیس لائن میں فاطمید فاونڈیشن کے تعاون سے منعقدہ بلڈڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا اورخون کے عطیات دینے والے پولیس جوانان سے ملاقات کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ دہشتگردعناصرکیساتھ فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس فورس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اپنے کل کو ہمارے آج پر قربان کرنے والے پولیس شہداء اور غازیوں پر ہمیں فخر ہے، شہداء پولیس کے لواحقین اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اُن کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

بنوں میں اے این پی کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد، شہداء کو خراج تحسین

عوامی نیشنل پارٹی ضلع بنوں کی جانب سے شہدائے پولیس کی یاد میں ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی جامن روڈ سے ہوتی ہوئی پولیس لائن پہنچی جہاں پر پولیس کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں اے این پی کے مشران پولیس کے جوانوں سے ملے اور اے این پی اے کے مشرا ن نے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مکمل ساتھ دینے کا عزم کیا۔

اختتام پر سابق ضلع کونسلر ملک شیروز خان اور نائب صدر ضلع بنوں ملک فہیم خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی شہیدوں کی پارٹی ہے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں ہم باچا خان کے پیروکار اور ان کے نقشے قدم پر چل رہے ہیں آج ہم جو آزادی کا سانس لے رہے ہیں یہ ان شہداء کی بدولت ہے، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ملک و قوم کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، عمران شاہد

پولیس ٹریننگ سکول صوابی میں یوم شہداء عقیدت و احترام سے منائی گئی جس میں شہدائے پولیس کو ملک اور قوم کی سلامتی کے لئے دی جانے والی جانی قر بانیوں کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجتماعی ختم القرآن و دعا کے بعد ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول صوابی ایس پی نیاز محمد خان نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

ڈی پی او صوابی عمران شاہد نے اے ایس پی سلمان آیاز شہید کی قبر پے سلامی پیش کی، ضلع صوابی میں 57 پولیس افسران نے جام شہادت نوش کی ہے جبکہ ضلع بھر میں 88 شہیدوں کی قبروں پر سلامی پیش کی گئی۔
عمران شاہد

تیمرگرہ، بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 32 پولیس جوانوں نے خون عطیہ کیا

پولیس یوم شہداء کے موقع پر دیرلوئر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، شہداء کے بلنددرجات کے لئے قرآن خوانی، پولیس جوانوں نے خون کا عطیہ دیا، علی الصبح دیرلوئر کے تمام پولیس سٹیشنز میں یوم شہداء کی مناسبت سے شہداء کی بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، خورشید خان پولیس لائیز میں فاطمید فاونڈیشن کے زیر نگرانی بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 32 پولیس نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا۔

اس موقع ڈی پی او عبدالرشید خان کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کی قربانیوں کے بدولت آج امن قائم ہے، دیرلوئر سے تعلق رکھنے والے 58 شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن سے لازوال محبت کی مثال قائم کی، انہوں نے کہا کہ شہدا ء کے ورثاء خود کو لاوارث نہ سمجھیں، اُن کے تمام جائز ضرورریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔

الپوری، شہداء کی ایصال و ثواب کیلئے مساجد میں قرآن خوانی کا اہتمام

شانگلہ میں 4 اگست یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا گیا، اس سلسلے میں نماز فجر کے بعد ضلع بھر کے پولیس تھانوں اور پولیس لائن مساجد میں قران خوانی کا اہتمام کیا گیا اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، پولیس لائن شانگلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد آصف گوہر نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے کے ہمراہ یادگار شہداء پر سلامی دی اور پھولوں کے گلدستے بھی رکھ دیئے، شہداء پولیس کی درجات بلندی کیلئے دعائیں کی گئیں، مسجد پولیس لائن میں قران خوانی کے بعد ملک کی سلامتی اور شہداء کے درجات بلندی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button