وزیر اعظم عمران خان کا افغانستان پر طالبان کے ساتھ جلد از جلد امن قائم کرنے پر زور
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے افغان امن میں پیش رفت کے لیے امریکا طالبان معاہدے پر بات چیت کی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں افغان امن عمل، پاک افغان تعاون میں اضافے، کورونا وائرس کی صورتحال اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام و معیشت کے درمیان توازن سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے پر جلد عمل درآمد کی امید کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان رواں سال 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔
قیدیوں کے تبادلے کا عمل 10 مارچ سے قبل مکمل ہونا تھا اور طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہونا تھا تاہم متعدد مسائل کی وجہ سے یہ عمل سست روی شکار ہے۔