قومی

کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ، 6 افراد جاں بحق

پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت  6 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے سٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ دہشت گردوں کےحملے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے جب کہ ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت سٹاک ایکسچینج کے 4 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکار سٹاک ایکسچینج میں داخل ہوئے اور فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک دہشتگرد کو سٹاک ایکسچینج کے ہال میں مارا گیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا بھی مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ حملے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حملے میں اب تک 6 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں 2 عام شہری جاں بحق ہوئے جب کہ 4 دہشت مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشت گرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس بارودی مواد سے بھری جیکٹیں بھی موجود تھیں۔

کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے حملے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 دہشتگردوں نے سٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش کی لیکن فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے ہیں۔

غلام نبی میمن نے بتایا کہ دہشتگرد پارکنگ ایریا سے سلور رنگ کی کار میں آئے تھے ان کے پاس اسلحہ اور گولہ بارود بھی تھا جو فورسز نے قبضے میں لے لیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں کی طرح کا لباس پہن رکھا تھا، اب صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں کے شبے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے بھی آپریشن میں تمام دہشتگردوں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button