راہزنوں کی روتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل
کراچی میں راہزنوں کی روتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، ویڈیو میں موٹر سائیکل پر سوار راہزنوں کو روتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
راہزنوں کی راہ گیر اور مسافروں سے چیزیں چھینتے اور انہیں لوٹتے ہوئے تو کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں لیکن کراچی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی جس میں راہزنوں کو اپنے شکار کی حالت پر رحم آ گیا اور انہوں نے نہ صرف روتے ہوئے ڈیلیوری بوائے کو اس کا سامان واپس کیا بلکہ گلے لگا کر تسلی بھی دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیلیوری بوائے کھانے کا سامان دے کر اور پیسے لے کر جیسے ہی اپنی موٹر سائیکل بیٹھا ملزمان آدھمکے اور اس کی جیب سے بٹوہ نکال لیا جس پر ڈیلیوری بوائے نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگا۔
روتے ہوئے ڈیلیوری بوائے کو دیکھ کر ملزمان کو اس کی حالت پر رحم آ گیا اور انہوں نے اس سے لی ہوئی چیزیں واپس کی اور اسے گلے لگا لیا اور اس سے ہاتھ بھی ملایا اور تسلی دے کر واپس چلے گئے، ملزمان کے جانے کے بعد بھی رائیڈر روتا رہا۔
سوشل میڈیا پر انسانیت کے نام سے ویڈیو وائرل ہو گئی اور لوگ اس منظر کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوڈ ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کیلئے آنے والے ملزمان بھی نوجوان ہی ہیں سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ راہزن بھی حالات کے مارے ہوئے ہیں تاہم کچھ لوگوں نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط غلط ہی ہے۔