قومی

پشاور، مردان اور ملاکنڈ سمیت 20 شہرکورونا کے ہاٹ سپاٹس قرار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کیسز بڑھنے اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے سے متعلق 20 شہروں کی نشاندہی کردی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اسلام آباد ،کراچی، لاہور،کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے 20 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کردی، صوبوں کو بھی آگاہ کردیا گیا۔

 این سی او سی کے مطابق ملک کے 20 شہروں میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کوروناکا پھیلاؤ روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ان شہروں میں پابندیاں لگا دی جائیں۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے اعلان کے بعد این سی او سی نے ملک بھرکے ہاٹ سپاٹس کا جائزہ لیا۔

این سی اوسی کی جانب سے کورونا وائرس ٹریسنگ، ٹیسٹنگ، قرنطینہ (ٹی ٹی کیو) حکمت عملی کے تحت 20 شہروں کی نشاندہی کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا کے حفاظتی اقدامات میں مزید سختی کی جائے گی ان میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گجرانوالہ، سوات، حیدرآباد، سکھر اور سیالکوٹ شامل ہیں۔

کورونا کے ہاٹ سپاٹس میں گجرات، گھوٹکی، لاڑکانہ، خیرپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ اور مردان بھی شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ٹی ٹی کیو حکمت عملی بڑھتے کیسز والے علاقوں کی نشاندہی کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے بنائے جانے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ہیں۔ گزشتہ روز بھی اسد عمر کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات سے کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جون کے آخر تک کورونا مریضوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے اور موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک کورونا کیسز میں 8 سے 10 گنا تک اضافہ یعنی مریضوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button