کراچی، صحافی ولی خان بابر کا مفرور قاتل گرفتار
کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر ولی خان بابر کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ مقتول صحافی ولی خان بابر کے مفرور قاتل ملزم کامران عرف ذیشان عرف شانی کو آج صبح اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی پولیس چیف کے مطابق ولی بابر کو 13 جنوری 2011 میں لیاقت آباد مارکیٹ میں قتل کیا گیا تھا، کیس میں 11 ملزمان تھے جن میں سے 4 کو جیل ہو چکی ہے، فیصل موٹا کو 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا، فیصل موٹا 5 ٹارگٹ کلر ٹیموں کا فل انچارج تھا اس کو موت کی سزا مل چکی ہے۔
غلام نبی میمن نے بتایا کہ ملزم کامران عرف ذیشان عرف شانی نے ولی بابر کو گولیاں ماریں، اور اسے بھی عدالت پھانسی کی سزا سنا چکی ہے، قاتل کامران مفرور تھا، جسے حساس ادروں اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا۔
کراچی پولیس کے چیف نے بتایا کہ کامران عرف ذیشان عرف شانی نے 2008 میں ایم کیو ایم لندن میں شمولیت اختیار کی تھی، ملزم کو ساوتھ افریقہ سیٹ اپ سے قتل کی ہدایات ملتی تھیں، کامران عرف ذیشان عرف شانی نے ابتدائی بیان میں ولی خان بابر سمیت 4 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے اور بتایا ہے کہ ولی خان بابر کو اے این پی کی وجہ سے مارا گیا اور اس کو 5 ٹیموں نے مل کر نشانہ بنایا تھا۔
غلام نبی میمن کے مطابق قتل کے بعد ملزم پہلے لانڈھی میں رہا اور 5 سال نائن زیرو میں چھپا رہا اور اب ملزم اپنی فیملی کے ساتھ گلشن معمار میں رہائش پذیر تھا، ولی خان بابر قتل کیس میں 5 گواہوں کو بھی وقتاً فوقتاً قتل کر دیا گیا تھا، کیس کے آخری گواہ حیدر علی کو بھی 2012 میں قتل کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پولیس ٹیم کو مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں، وزیر اعلی سندھ نے پولیس ٹیم کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔