قومی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی میں کورونا وائرس کی تصدیق

بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر سردار درمحمد ناصر کئی دن تک کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی سیاستدانوں میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

سردار در محمد ناصر کے خاندانی ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن جانبر نہ ہو سکے، ذرائع کے مطابق سردار در محمد ناصر کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے دکی لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سردار در محمد ناصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار درمحمد ناصر بااصول سیاستدان اور نفیس انسان تھے، اللہ پاک انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ کے وزیر کچی آبادی غلا م مرتضیٰ بلوچ، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ، تحریک انصاف کے ایم پی ایز جمشید کاکا خیل اور شاہین رضا بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکی ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے آئیسولیٹ کرلیا ہے۔

گزشتہ روز اسی جماعت کے رہنماؤں خواجہ سلمان رفیق اور سیف الملوک کھوکھر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدرانجینئرامیر مقام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔

جے پرکاش نے جمعہ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی، میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے ہفتے کی رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی۔

دعوت میں رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان نے بھی شرکت کی، رکن اسمبلی لعل چاند نے جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاہین رضا پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا۔ سندھ کے صوبائی وزیر برائے انسانی بستی مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے تھے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور وہ آئسولیشن (تنہائی) میں چلے گئے ہیں۔  شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ آج اب تک تین ارکین قومی اسمبلی اور ایک ممبر صوبائی اسمبلی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی چار اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کورونا وائرس کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہو ں نے خود کو گھر تک محدود کر لیا ہے۔

شرجیل میمن نے دو ورز قبل ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں جب کہ رکن اسمبلی سید عبدالرشید اور ایم کیو ایم کی رکن صوبائی اسمبلی منگلا شرما اور رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں:

رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کورونا سے انتقال کر گئے

پہلی قربانی، پاک فوج کے میجر کورونا وائرس سے جاں بحق

 قومی اسمبلی کے کورونا وائرس سے متاثرہ ملازمین کی تعداد 30 سے زائد

کورونا میں مبتلا رکن صوبائی اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل زندگی کی بازی ہار گئے

صوبائی اسمبلی کے مزید دو اراکین کورونا کا شکار، جمشید الدین کاکاخیل سپردخاک

یہ بھی خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بھی زیادہ ہو چکی ہے جب کہ 2050 سے زائد افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button