قومی

پاکستان کورونا کیسز کے لحاظ سے دنیا کا 15واں ملک بن گیا

پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات کے ساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 67 افراد کورونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے جس کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 2002 ہو گئی جبکہ اس دوران 4,960 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 98,943 ہو گئی ہے۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان کورونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن گیا ہے، گزشتہ دو دن میں کیسز کا گراف تیزی سے بلند ہوا جس کے بعد پاکستان 17 ویں نمبر سے 15 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 98,943 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 2,002 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 8 سے بڑھ کر 9 فی صد ہو گئی ہے جبکہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 449 ہو گئی۔ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 3,099 ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 63 ہزار 476 ہے، جب کہ اب تک 33,465 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کمانڈ سنٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید سڑسٹھ اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 683 ہے، اس کے بعد سندھ میں 634 اموات، خیبر پختون خوا میں 561 اموات، بلوچستان میں 54، اسلام آباد میں 49، گلگت بلتستان میں 13 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 8 موت ریکارڈ ہوئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 37,090 ہو گئی، سندھ میں 36,364 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 13,001، بلوچستان میں 6,221، اسلام آباد میں 4,979 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 927 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 361 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 23 ہزار 100 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے 6 لاکھ 83 ہزار 608 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 18,265 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 8,109 مریض، خیبر پختون خوا میں 3,450 مریض، بلوچستان میں 2,175 مریض، گلگلت بلتستان میں 573 مریض، اسلام آباد میں 703 جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 190 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک چار لاکھ افراد جاں بحق جبکہ 70 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button