قومی

پٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12 روپے تک کی کمی، اعلامیہ جاری

وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12 روپے تک کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت47 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر 35 روپے 56 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 7 روپے 6 پیسے کمی کے بعد 81 روپے 58 پیسے سے کم ہوکر 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں پانچ پیسے اضافے کے بعد 80 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 47 روپے 52 پیسے سے کم کرکے 38 روپے 14 پیسے کم کردی گئی ہے، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پیڑولیم مصنوعات میں کمی کے فیصلے کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہم نے پیٹرول ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کردی ہے جس کے بعد پاکستان میں جنوبی ایشیا میں سب سے سستا ایندھن دست یاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں پیڑول پاکستان سے دوگنا مہنگا جب کہ سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال یہ قیمتیں 50 سے 75 فی صد زائد ہیں۔

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے دو روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائی گئی تھی جس کے مطابق پٹرول 7 روپے 6 پیسے اور مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے سستا کرنے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی، اوگرا کی تمام سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button