قومی

وفاقی حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی

وفاقی حکومت نے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی۔ تمام ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنزکو بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی، غیرملکی پروازیں خالی آئیں گی، صرف پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کی اجازت ہوگی، پروازیں گزشتہ رات 12 بجے سے 30 جون تک چلیں گی۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے ای) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی اجازت کے بعد ملک بھر کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے آؤٹ باؤنڈ انٹرنیشنل فلائٹ  آپریشن (پاکستان سے دیگر ممالک کیلئے جانے والی پروازیں) رات 12 بجے سے شروع کردیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن کے مطابق  تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو  اپنی آؤٹ باؤنڈ بین الاقوامی پروازیں شروع کردی گئی ہے جن میں شیڈول، نان شیڈول اور چارٹر پروازیں شامل ہیں۔

بین الاقوامی فلائٹ آپریشن گزشتہ رات 12بجے ملک کے تمام بین الاقوامی ائیرپورٹس سے سے شروع ہوگیا ہے تاہم ایئرلائنز کو گوادر اور تربت کے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومتی اجازت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم میں وضاحت جاری کی کہ صرف پاکستان سے بیرون ملک جانے والی پروازیں مسافر لے جاسکیں گی، ائیرلائنز کو بیرون ملک سے مسافر پاکستان لانے کی اجازت نہیں ہوگی، فی الحال صرف آؤٹ باؤنڈ پروازوں کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت ہوگی۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو صرف خصوصی پروازیں پاکستان لاسکیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہے جبکہ حکومت نے پروازوں کی بندش کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کچھ غیر ملکی پروازیں خصوصی طور پر چلانے کی اجازت دے رکھی ہے البتہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بحال ہوچکا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button