فواد چودھری کا رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا ایک بار پھر مطالبہ
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سمندر پار مقیم پاکستانی صحافیوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قمری کیلنڈر بتا رہا ہے کہ 24 مئی کو عید آ رہی ہے، مفتی منیب الرحمان اور مفتی پوپلزئی الگ الگ راستے پر کھڑے ہیں کیونکہ چاند کسی کے کہنے پر اپنا مدار تبدیل نہیں کرتا، ایسی صورت میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی عملی اہمیت باقی نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ناسا نے کہا چاند پر لمبا عرصہ رہنے کیلئے مشن بھیجیں گے، مستقبل میں مولوی صاحبان کے لیے عید پر چاند کرنا بڑا چیلنج ہو گا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کرنا چاہتی ہے، کل پریس کانفرنس میں تمام ضروری امور سامنے لاؤں گا، پریس کانفرنس میں بتاؤں گا کہ عید 24 مئی کو کیونکر بنتی ہے، یہ بھی بتاؤں گا کہ رویت ہلال کمیٹی کیوں پیر کی عید کرنا چاہتے ہیں، سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ہمیشہ کہتی ہے جو وقت گزر جائے اچھا ہے، کرونا وائرس سے متعلق پاکستان میں حالات کنٹرول میں ہیں، ملک میں اس وقت 47 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، آبادی زیادہ ہے اگر وائرس نے شدت اختیار کی تو تو مشکل ہو سکتی ہے، بڑی تعدادمیں لوگوں کو بیرون ملک سے لا کر آئسولیشن میں رکھنا مسئلہ ہے اس کے لیے دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں۔