پی آئی اے کو روزانہ ایک اضافی پرواز کی اجازت دے دی گئی
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے قومی ائیرلائن کو روزانہ ایک اضافی پرواز کی اجازت دے دی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق عید الفطر کے موقع پر مسافروں کے زیادہ رش کے معاملے پر پی آئی اے کو ایک اضافی پرواز چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ اضافی پرواز کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو اضافی پرواز کی اجازت مئی کے آخر تک دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بین الاقوامی فضائی آپریشن تاحال معطل ہے جب کہ محدود پیمانے پر علاقائی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ ریلوے کا ٹکٹیں بک کرنے کے لیے آن لائن نظام بیٹھ گیا۔ وزیر ریلوے شیخ شید نے کہا کہ ریلوے آن لائن نظام میں خرابی آئی ہے اور ٹکٹ بک کرنے میں آن لائن سسٹم بوجھ نہیں اٹھا پارہا۔ ریلوے کا ای ٹکٹنگ نظام بیٹھنے کے بعد راولپنڈی، ملتان، پشاور، لاہور، سکھر اور کوئٹہ میں ریزرویشن سینٹرزکی ایک ایک کھڑکی کھول دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق مسافر چاروں صوبوں کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز کے ریلوے سٹیشنوں سے ٹکٹ حاصل کر سکیں گے اور ریلوے سٹیشنز کے بکنگ آفس صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ راولپنڈی،لاہور،کراچی، ملتان، سکھر،پشاوراورکوئٹہ ریلوے سٹیشنوں کے بکنگ آفس کھلے رہیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریل سروس تقریباً 2 ماہ تک معطل رہی جسے گزشتہ روز 20 مئی سے محدود پیمانے پر بحال کیا گیا ہے۔